بال عطیہ خداوندی ہیں
ان کا خیال کیجئے

تحریر:حکیم قاضی ایم اے خالد
موجودہ دور میں بالوں کا گرنا بڑی عمر کے افراد کے ساتھ ساتھ نوجوان لڑکیوں اور لڑکوں کا بھی اہم مسئلہ بن گیا ہے تاہم کچن آئٹم پیاز کے ذریعے نہ صرف گرتے بالوں کو روکا جاسکتا ہے بلکہ انہیں وقت سے پہلے سفید ہونے سے بھی بچایا جاسکتا ہے۔امریکن اکیڈمی آف ڈرمیٹولوجی کے مطابق بالوں کا گرنا موروثی بیماری بھی ہوسکتی ہے جسے اینڈروجینیٹک ایلوپیشیا کہا جاتا ہے۔ اس کے علاوہ ہارمون کے تبدیل ہونے اورمختلف ایلوپیتھک میڈیسنزکے سائیڈ ایفیکٹس کی وجہ سے بھی بال جھڑتے ہیں، تاہم پیاز کے رس سے بال گرنے کے عمل کو روکا جاسکتا ہے۔برطانوی تحقیقی جریدے جرنل” ڈرمیٹولوجی ”میں شائع شدہ ایک تحقیق کے مطابق پیاز کے رس کو بالوں کی جڑوں پر لگائیے، یہ رس بالوں کو دوبارہ اگانے میں مددگار ثابت ہوگا۔امریکی تحقیق کے مطابق اگر پیاز کا رس دن میں دوبار لگایا جائے تو دوہفتوں کے اندر اندر بال دوبارہ اگنا شروع ہوجاتے ہیں۔ اس بات کا خیال رکھنا بھی بہت ضروری ہے کہ جن لوگوں کو پیاز سے الرجی ہے وہ اپنے سر پر بالوں کا رس نہ لگائیں۔اگر پیاز کی بو بہت زیادہ محسوس ہو تو اس میں تھوڑا سا لیموں کا رس اور عرق گلاب ڈال لیجیے۔

اس کے علاوہ درج ذیل نسخہ انتہائی فائدہ مند ہے۔ہوالشافی :روغن ناریل 50ملی لیٹرروغن بیدانجیر (کیسٹرآئل )50ملی لیٹر اور پیاز کا رس 50ملی لیٹر ملا کر ہلکی آنچ پر پکائیں پیاز کا رس جل جانے پر اتار لیں ۔اس ہوم میڈ نباتاتی تیل کو انگلیوں کی پوروں پر لگا کر تین دن صرف بالوں کی جڑوں میں لگائیں اور نرمی و آہستگی کے ساتھ مساج کریں۔تین دن کے بعد تمام بالوں پر بھی یہ تیل لگایا جا سکتا ہے۔ان شاء اللہ دو ہفتوں میں بال گرنا کم ہو جائیں گے۔یہ تیل اینٹی فنگس اور اینٹی بیکٹریل بھی ہے اس لئے ڈینڈرف میں بھی فائدہ مند ہے۔تازہ پھل اور سبزیوں کا استعمال بالوں کو مضبوط کرتا ہے۔کیلشیم کے حصول کیلئے روزانہ ایک گلاس دودھ بغیر بالائی کے پئیں۔گیلے بالوں میں کنگھا نہ کریں اگر بہت ضروری ہو تو کھلے دندانوں والا برش کریں نائلون کا برش یا کنگھی کبھی بھی استعمال نہ کریں۔
٭…٭…٭
