
آڑو کا استعمال موٹاپا کم کر کے سلم و سمارٹ رکھتا ہے
حکیم قاضی ایم اے خالد
فرحت بخش ، میٹھا اور پرکشش مہک سے لبریز آڑو مختلف اقسام و ذائقوں کی وجہ سے دنیا بھرمیں پسند کیا جاتاہے آڑو ایک لذیذ خوراک تو ہے ہی لیکن صحت مندرہنے کیلئے بھی اس کا کھانا نہائت ضروری ہے ۔آڑو میںکیلشئیم،پوٹاشیم،میگنیشیم،آئرن، میگنیز،زنک،اور کاپرپایا جاتاہے انتہائی کم کیلویریز پر مشتمل یہ پھل غذائی ریشہ(فائبر) کا بہت اچھا ذریعہ ہے۔اسی وجہ سے آڑو کا استعمال موٹاپا کم کر کے سلم و سمارٹ رکھتا ہے
اینٹی انفلیمنٹری خاصیت سے بھرپور اور برے کولیسٹرول کو کم کرنے کی صلاحیت رکھتاہے۔ موٹاپا، ذیابیطس،آنکھوں کی کمزوری اور دل کی بیماری کے خطرے کو کم کرتاہے ۔ آڑو کے اوپر مخصوص گرد ہوتی ہے جو کہ نقصان دہ ہے اچھے فروٹ فروش اسے برش سے اتار دیتے ہیں اس کے باوجود اس کے چھلکے پر کچھ گرد رہ جاتی ہے لہذا آڑو کو ہمیشہ چھلکہ اتار کر کھائیں

آڑو آپکی مجموعی صحت کے لئے بے پناہ مفید ہے ۔ آڑو کے کچھ اہم فوائد درج ذیل ہیں اور مجھے امید ہے کہ ان فوائد کو جان کر یقیناآپ آڑو اپنی غذا میں ضرورشامل کریں گے۔
دن میں تقریبا دو سے تین آڑو کھانے سے آنکھوں کی صحت میں اچھی پیش رفت ہوتی ہے موتیابندو ضعف بصارت میں مفیدہے عمر اور دوسرے عوامل آپ کی نظر کو نمایاں طور پر متاثر کرسکتے ہیں لیکن آڑو ایک ایسا پھل ہے جو آنکھوں کو مخصوص غذائی اجزافراہم کرنے کے لئے بہت اہم کردار ادا کرتا ہے تاکہ نقصان دہ عناصر سے بہتر طریقے سے مقابلہ کرسکے۔ زیادہ تر ماہرین نے آنکھوں کی صحت مند ہونے کے لیئے قدرتی اجزاکے طور پر گاجر کو ترجیح دی ہے لیکن آنکھوں کیلئے ماہرین نے آڑو کی افادیت کو بھی گاجر کے مساوی تسلیم کیا ہے۔آڑو بیٹا کیروٹین کے مجموعہ کے ساتھ جسم کے تمام حصوں میں خون کی گردش کو بڑھانے کے علاوہ آنکھوں کے پٹھوں کی فعالیت کو بہتر بنانے کے قابل بناتا ہے۔
آڑوکئی قسم کے کینسرز سے مدافعت پیدا کرتا ہے وٹامن سی اور مفید اینٹی آکسیڈنٹ کا بہترین ذریعہ ہونے کے باعث آڑو کینسر کے ان ذرات کی تشکیل کو روکتاہے جو کینسر کا سبب بنتے ہیں اعلی فائبر پر مشتمل ہونے کے باعث بڑی آنت کے کینسر سے بچاتاہے۔
وہ تمام پھل جو اینٹی آکسیڈنٹ اور وٹامن سی پر مشتمل ہوں اور آپ انھیں انکی قدرتی حالت میں کھائیں تو یہ پھل جھریاں کم کرکے مجموعی طورپر جلد کی ساخت کو بہتر بنانے اور اوزون کی تہہ ہٹنے نیز آلودگی کے باعث ہونے والے جلد کے نقصانات سے لڑنے کی صلاحیت رکھتے ہیں وٹامن سی کولیجن کی پیداوار میں مدد فراہم کرتاہے جو آپکی جلد کے نظام میں اہم کردار ادا کرتاہے ۔یہ مزیدار پھل مدافعاتی نظام کے کام کاج کیلئے ایک بوسٹر کے طور پر کام کرتا ہے آڑو جلد کی حفاظت بھی کرتا ہے اور ان وجوہات کو روکتا ہے جن سے چہرے کو نقصان پہنچتا ہے۔ آڑو خاص طور پر آنکھوں کے گرد سیاہ حلقے اور جھریوں کے خاتمہ کیلئے انتہائی مفید ہے۔
ٹیکساس اے او ایم کی جانب سے ایک اور مطالعہ کے مطابق آڑو اور آلو بخارا کا ایکسٹریکٹ چھاتی کے کینسر کے خلیات کی سب سے جارحانہ اقسام کا خاتمہ کرنے میں موثر ہیں اور اس عمل سے عام صحت مند خلیوں کو نقصان بھی نہیں پہنچتاہے۔

ایک درمیانہ آڑو دو گرام فائبر مہیا کرتاہے۔ تحقیق کے مطابق ٹائپ ون ذیابیطس میں اعلیٰ غذائی ریشہ کے باعث خون میں شوگر کی سطح کم ہوتی ہے اور ٹائپ ٹو ذیابیطس میں بلڈ شوگر میں انسولین کی سطح میں بہتری آتی ہے۔
شوگر سے بچاؤ میں وزن کم کرنا انتہائی اہم ہے اگر کوئی شخص وزن کم کرنے کاخواہاں ہے تو اسے چاہئے کہ روزانہ کھانے کی منصوبہ بندی میں آڑو کو بھی شامل کرے۔ ایک آڑو میں اگر کلوریز کو شمار کیا جائے تو یہ 86کلوریز شمار ہوتی ہے۔ اس کے علاوہ آڑو میں چربی یا چکنائی کی مقدار صفر کے قریب ہے۔ آپ کے ڈائٹ پلان کی منصوبہ بندی کیلئے آڑو ایک بہترین انتخاب ہے۔
آڑو میں موجود فائبر،پوٹاشیم، وٹامن سی ، اور فیٹی ایسڈ موجود ہوتے ہیں جو دل کی صحت برقرار رکھنے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔پوٹاشیم کی مقدار میں اضافہ کے ساتھ ساتھ سوڈیم کی مقدار میں کمی جیسی اہم غذائی تبدیلی کسی بھی شخص میں دل کی بیماری کے خطرات کو کم کرسکتی ہے۔
مطالعہ سے ثابت ہوا ہے کہ جو افراد ایک دن میں4069ملی گرام پوٹاشیم لیتے ہیں تو انمیں49فیصد دل کے مرض کے باعث موت کا خطرہ کم ہوتاہے ان لوگوں کے مقابلے میں جو ایک دن میں1000ملی گرام پوٹاشیم لیتے ہیں۔
آڑو میں وٹامن اے، وٹامن سی، وٹامن ای، آئرن، زنک، میگنشیئم اور کیلشیئم کی موجودگی سے یہ زہریلے مادوں کا دفاع بھی کرتا ہے۔ آڑو مکمل طور پر ہمارے جسم کی فلاح کیلئے فائدہ مند مرکب کی طویل فہرست کے ساتھ حیرت انگیز طور پر کام کرتا ہے۔انسانی جسم کو روزانہ کی بنیاد پر کئی ایجنٹوں اور زہریلے مادوں کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ ان ٹاکسن کا کام گردوں میں اضافی دباؤو ڈالنا اور نظام کو روکنا ہے۔ پوٹاشیئم اور آڑومیں موجود غذائی ریشہ کے ساتھ گردوں کو بہتر کام کرنے کی کمک حاصل ہوتی ہے۔ ماہرین یہ بھی کہتے ہیں کہ آڑو کے غذائی اجزادردناک السر کو بڑھنے سے روکتے ہیں۔ اگر آپ اپنے گردوں کی روائتی صفائی(ڈی ٹاکسن) کرنا چاہتے ہیں تو آپ کو چاہیے کہ آپ آڑو کو اپنی روزمرہ کی غذامیں شامل کرلیں۔
طبی ماہرین اسے قبض کشا بھی قرار دیتے ہیں ساتھ ساتھ جسم میں غدود اور رسولیوں کی پیداوار کو روکنے کے علاوہ جوڑوں کے درد میں مبتلا افراد کثرت سے استعمال کرسکتے ہیں۔آڑو کے استعمال سے وٹامن ای اور ڈی کا تیز ترحصول ممکن ہوتا ہے ۔ اس کے ساتھ ہی ساتھ استھما (دمہ )جیسی بیماریوں میں بھی افاقہ ممکن ہے۔
طب قدیم کے مطابق آڑو درج ذیل حیرت انگیزفوائد رکھتا ہے۔
آڑو منہ کی بدبو ختم کرتاہے اورمعدہ کو طاقت دیتاہے ۔
آڑوجگر کی امراض میںبے حد مفید ہے۔فیٹی لیور میں فائدہ مند ہے۔
جنھیں زیادہ گرمی لگتی ہے ان لوگوں کے لئے آڑو بہترین پھل ہے۔
گرمی کے باعث بھوک نہ لگنے میں بہترین پھل ہے۔اور پیاس کی شدت کو کم کرتاہے۔
گرمی کے بخار میں مریض کو آڑو کھلانے سے مریض کی طبیعت کو فرحت پہنچتی ہے۔
آڑو کے پتوں کا جوشاندہ پینے سے پیٹ کے کیڑے مرجاتے ہیں آڑو کھانے سے بھی فائدہ ہوتا ہے۔
آڑو کی گٹھلی کا روغن بواسیر،کان کے درد اور بہرے پن کے لئے مفید ہے ۔
آڑو کی گٹھلی کا روغن بالوں کی امراض اور انکی زیبائش کیلئے مفید ہے۔
آڑو کی گٹھلی میں موجود مغز کو ہرے دھنیے کے ساتھ پیس کر لگانے سے پھنسیاں دو ر ہوجاتی ہیں۔
آڑو کے پھول خواتین میں ایام کی بے قاعدگی میں مفید ہے۔
طبِ یونانی میں آڑو کے پھول کھانسی دور کرنے میں مفیدسمجھے جاتے ہیں تاہم حاملہ خواتین کیلئے مضرہے اس لئے وہ استعمال نہ کریں۔
دنیا بھر میں آڑو کے بطور پھل کھانے کے ہزاروں استعمالات ہیں ۔پیچ شیک ‘اسکوائش ‘جیم کے علاوہ کاسمیٹکس میں بھی آڑو استعمال ہوتا ہے۔فی الحال یہاں اس کے شربت اور کسٹرڈ کی تراکیب نذر قارئین نوائے وقت ہیں۔

آڑو کا شربت
آڑو اچھے بڑے بڑے ایک کلو
چینی ڈیڑھ کلو
پانی ایک کلو
ترکیب:آڑو چھیل کراس کے ٹکڑے کرلیں اور اندر سے گٹھلی نکال دیں، اب اسمیں پانی ڈال کر بلینڈر میں بلینڈ کرلیں اور باریک کپڑے میں چھان لیں اوراسمیں چینی ڈال کر چولھے پر چڑھادیں اور جوش آنے دیںدو چار منٹ پکنے دیں،ایک دوجوش کے بعد اتار لیں، اتارنے سے پہلے دیکھ لیں اگر شربت ایک تار ہوگیا ہویا ایک قطرہ نیچے گرائیں پھیلے نہ تو تیار ہے، اب اسے ٹھنڈا ہونے دیں، ٹھنڈا ہونے پر اسکو بوتلوں میں بھرلیں۔

آڑو کا کسٹرڈ
آڑو چار عدد
کسٹر ڈ دو چھوٹے پیکٹ
دودھ ایک لیٹر
چینی آدھی پیالی
ترکیب:آڑو کو دھو کر اور صاف کر کے بیچ میں سے کاٹ کر گٹھلی نکال دیں اور باقی گودے کے گول گول قتلے کاٹ لیں۔پانی یا دودھ میں کسٹر ڈ گھول لیں ۔دودھ ایک دیگچی میں ڈال کر چولہے پر چڑھا دیں۔ جب ابلنے لگے تو اس میں کسٹرڈ ڈال دیں اور ساتھ ساتھ چمچہ ہلاتے جائیے تاکہ گٹھلی نہ بننے پائے۔ تھوڑا سا گاڑھا ہونے پر چینی ڈال دیں اور مزید پکائیں۔ گاڑھا ہو جائے تو اتار لیں اور ٹھنڈا ہونے کے لئے رکھ دیں۔ ٹھنڈا ہو جائے تو ایک شیشے کے پیالے میں ڈالیں اور اوپر آڑو کے قتلے سجا کر فریج میں رکھ دیں۔ جم جائے تو نکال لیں اور پیش کریں۔٭٭

