
٭لوکاٹ نظام ہضم کیلئے انتہائی فائدہ مند ہے
٭لوکاٹ لیف ایچ آئی وی ایڈزوائرس کو کمزورکرتے ہیں
٭چائینز گورنمنٹ لوکاٹ لیف کو اینٹی شوگرایجنٹ کے طور پر تسلیم کر چکی ہے
حکیم قاضی ایم اے خالد
لوکاٹ ترش اور شیریں ذائقہ پر مشتمل موسم گرما کا مزیدار پھل ہے جس کا نباتاتی لاطینی نام Eriobotrya japonicaہے۔اسکو پھولدار اور پھل دار پودوں میں شمارکیا جاتا ہے لوکاٹ Rosaceaeفیملی سے تعلق رکھتا ہے، جیسے سیب، خوبانی، آلوبخارا وغیرہ۔ اسے Japanese Plumاور Chinese Plumکے علاوہ Japanese Medlarبھی کہاجاتا ہے، چینی زبان میں اسے لوگاٹ ‘اطالوی میںNespoloاور عربی میں’’اکیدینیا‘‘کہاجاتا ہے لوکاٹ چین سے تعلق رکھتا ہے۔برصغیر پاک و ہند میں یہ پھل انگریزوں کے ساتھ آیا۔جاپان اور بحیرہ روم کے علاقوں میں کثرت سے پیدا ہوتا ہے۔جنوبی مشرقی چین کے پہاڑی جنگلات سے یہ جاپان سمیت دنیا بھر میں سپلائی ہوتاہے۔پاکستان میں بیشتر علاقوں میں لوکاٹ کے باغات ہیں وادی سوات ‘کلر کہار‘وادی کہون‘پوٹھوہار ان میں سے اہم ترین ہیں۔

تازہ پھل کے طور پر کھائے جانے کے علاوہ دنیا بھر میں لوکاٹ سے مختلف مشروبات‘جام‘ جیلی اور چٹنیاںsaucesوغیرہ بھی تیار کی جاتی ہیں۔جبکہ اس کے پتے اور پھل کئی امراض کیلئے باعث شفا ہیں۔ لوکاٹ وٹامن، معدنیات اور اینٹی آکسیڈنٹ سے مالامال ہے۔ یہ ناشپاتی کی شکل اور پانچ سے بیس پھل گچھوں کی صورت میں لگتے ہیں۔ یہ چوڑائی میں تقریبا تین سینٹی میٹر اور لمبائی میں تین سے پانچ سینٹی میٹر تک ہوتے ہیں۔درخت کی اونچائی دس سے پندرہ فٹ اور سائز درمیانہ ہوتا ہے جیسے اس قبیل کے دیگر درخت ہوتے ہیں، پتوں کا سائز چار انچ سے لیکر دس انچ تک ہوسکتا ہے۔ اس درخت کی لکڑی فرنیچر بنانے کے کام آتی ہے ۔

لوکاٹ میں وٹامن اے‘بی۶‘وٹامن سی‘فولیٹ‘میگنیشیم‘سیلینیم‘سوڈیم‘زنک‘کاپر‘اومیگا۳اوراومیگا۶فیٹی ایسڈزپائے جاتے ہیں۔سوگرام لوکاٹ میں صرف سینتالیس کیلوریز پائی جاتی ہیںاس وجہ سے وزن کم کرنے والے افراد کیلئے لوکاٹ انتہائی خوش ذائقہ تحفہ ہے جو فائبر(ریشہ) سے بھی بھرپور ہے۔شوگر کے مریض اسے بلاجھجھک استعمال کر سکتے ہیں کیونکہ اس کی مٹھاس نقصان دہ نہیں۔ وٹامن اے کی موجودگی اسے بصری قوت اور دانتوں کی صحت کیلئے فائدہ مند بنا دیتی ہے لوکاٹ میں موجود وٹامن اے اور فینولک فلیوونائڈ اینٹی آکسیڈنٹ جلد کی سا لمیت کو برقرار رکھتاہے اور دیگر امراض جلد سے بچاتا ہے۔۔پیاس کی شدت اور متلی یا قے میں اس کا تازہ پھل یا شربت استعمال کرنے سے یقینی فائدہ ہوتا ہے۔لوکاٹ مسکن حرارت ہونے کی وجہ سے خون کی حدت کو کم کرتے ہوئے موسم گرما کی بے چینی اور گھبراہٹ دورکرتا ہے۔امراض قلب کے مریضوں میں دل کو فرحت اور سکون بخشتا ہے لوکاٹ پوٹاشیم ،بی کمپلیکس، وٹامن بی سکس پر مشتمل ہوتے ہیں اس سے دل کی شرح اور بلڈ پریشرمتوازن رکھنے میں بھی مدد ملتی ہے۔لوکاٹ ناقابل تحلیل غذائی ریشہ اور پیکٹن سے مالامال ہے۔پیکٹن ایسا ایسڈ ہے بڑی آنت کی اندر نمی کو قائم رکھتاہے۔اور اس عمل کے تحت یہ قبض کشا ثابت ہوتاہے۔اور اسطرح بڑی آنت کی جھلی کی حفاظت میں مدد ملتی ہے۔پیکٹن خون میں کولیسٹرول کی سطح کم کرنے کیلئے مفید ہے۔نظام انہضام کیلئے لوکاٹ انتہائی مفید ہے۔غذا کو جلد ہضم کرنے میں مدد دیتا ہے۔بواسیر کی مرض میں لوکاٹ بے حد مفید ہے۔لوکاٹ صفراوی اور دموی امراض میں معاون دوا کا کام کرتا ہے۔مصفی خون ہونے کی وجہ سے گرمی دانوں میں موثر ہے۔

لوکاٹ لیف کے فوائد؛۔
ہمارے ہاں لوکاٹ کے پتوں سے فائدہ نہیں اٹھایا جاتااور اسے ضائع کردیا جاتا ہے جبکہ ان کی برآمد سے قیمتی زرمبادلہ حاصل کیا جا سکتا ہے۔ دنیا کے ترقی یافتہ ممالک میں لوکاٹ کے پتے فولاد‘کاپر‘کیلشیم‘میگنیشیم اور دیگرمنرلز(معدنیات)کے حصول کا بہترین ذریعہ ہیں۔لوکاٹ لیف سے تیارشدہ ہربل ٹی‘متلی ‘قے‘ڈائریا‘ڈیپریشن اور مختلف قسم کے اورام ختم کرنے میں فائدہ مند ثابت ہوئی ہے۔امراض تنفس خصوصاًپھیپھڑوں کی بعض جدید امراض( سی اوپی ڈی‘وغیرہ)میں لوکاٹ لیف ایکسٹریکٹ مفید ہے۔لوکاٹ لیف اینٹی آکسیڈنٹ اور اینٹی ایجنگ صلاحیت رکھتے ہیں۔جلد اور دیگر اقسام کے کینسر کے بچاؤ میں لوکاٹ کے پتے ایک ڈھال کا کام کرتے ہیں۔لوکاٹ کے پتے انسانی جسم کے مدافعتی نظام کو طاقتور بناتے ہیں۔
چائینز گورنمنٹ لوکاٹ لیف کو اینٹی شوگرایجنٹ کے طور پر تسلیم کر چکی ہے اور اس سے ہربل ادویات کی تیاری کی منظوری دے چکی ہے۔لوکاٹ لبلبہ کو تقویت فراہم کرتا ہے اس کے علاوہ انسانی جسم میںTormentic acidپیدا کرتا ہے جو انسولین کی پروڈکشن کرکے ذیابیطس کو کنٹرول کرنے کا باعث بنتا ہے۔اس حوالے سے لوکاٹ کے پتے 7 عدد ایک کپ پانی میں جوش دے کرچائے بنائیں اس ہربل ٹی کے ساتھ گٹھلی جامن کا 5 گرام سفوف صبح منہ نہار پھانک لیں چند دنوں میں شوگر کنٹرول ہو جائے گی۔نشاستہ دار غذا ‘آلو‘چاول‘چینی وغیرہ سے پرہیز ضروری ہے۔
لوکاٹ لیف جلد کی سوزش اور ورم میں فائدہ مند ہے جبکہ اس میں اینٹی وائرل خاصیت بھی پائی جاتی ہے۔اس لئے متعدد قسم کی وائرل انفیکشنز میں موثر ہے۔
لوکاٹ لیف میں2-alpha-hydoxyursolic acidکی موجودگی اسے ایچ آئی وی ایڈز وائرس کو کمزور کرنے کا باعث بناتی ہے۔علاوہ ازیں جگر کے پچیدہ امراض میں بھی لوکاٹ کے پتے مفیداثرات رکھتے ہیں۔لوکاٹ کے پتے جگر میں مختلف کیمائی مادوں کے جمع ہوجانے وجہ سے ہونے والی جگر کی بڑھوتر ی Liver Hypertrophyمیں بھی مفید ہے اور جگر کی صفائی کے کام آتا ہے۔
مضرات واحتیاط:۔لوکاٹ کی بعض اقسام اور خام حالت میں لوکاٹ ترش ہوتا ہے جو گلے میں خراش اور کھانسی کا باعث بن سکتا ہے جس سے اجتناب ضروری ہے۔
لوکاٹ کے ہر پھل میں تین سے پانچ براؤن رنگ کے بیج ہوتے ہیںیہ بیج مختلف زہریلے الکلائڈ زپر مشتمل ہوتے ہیں اور ان بیجوں کے کھانے سے انتہائی مضراثرات مرتب ہوتے ہی لوکاٹ کے بیج کھانے سے متلی’ قے ‘سانس کی امراض پیدا ہوتی ہیںجو زیادہ استعمال سے انسانی جسم کیلئے خطرے کا باعث بن سکتی ہیں لہذا خود اور خاص طور پربچوں کو ہمیشہ اپنی نگرانی میں کھلائیں۔

آخر میں شربت لوکاٹ کی ایک ریسپی نذر قارئین ہے۔
شر بت لو کاٹ
اشیاء:
لوکاٹ آدھا کلو( رس نکال لیں)
چینی ایک کلو
پانی ایک بڑا گلاس
ترکیب:
لوکاٹ کا رس پانی سمیت چینی شامل کر کے آگ پرخوب اچھی طرح پکائیں قوام گاڑھا ہو جائے تو اتار کر ٹھنڈا کر لیں اور بوتلوں میں بھر لیں ۔ تین یا چاربڑے چمچ شر بت ایک گلاس پانی میں حل کر کے پئیں۔ یہ نہایت ہی عمدہ اور مفید شر بت ہے۔ دماغ اور دل کو بے حد تقویت دیتا ہے۔ خون کے جوش کو کم کر تا ہے موسم گرما کی بیشتر امراض میں فائدہ مند ہے۔ کھٹی ڈکاریں اور منہ میں پانی آنے کو روکتا ہے متلی قے وغیرہ میں فوری اثر کرتا ہے۔
٭…٭…٭

