
٭چیری امراض قلب،کولیسٹرول،بلڈپریشر،اور ذیابیطس میں مفید ہے
٭چیری یادداشت بڑھانے اور نیند نہ آنے میں موثر ہے
٭جوڑوں کے درد’آرتھرائٹس میں چیری فائدہ مندہے
٭ اعصابی دباؤ’اسٹریس’ڈیپریشن یا سردرد میں روزانہ چیری کھائیں
حکیم قاضی ایم اے خالد
Twitter:qazimakhalid
موسم گرما کے آغاز میں ہی چیری کا پھل گتے کے چھوٹے چھوٹے ڈبوں میں پیک پھل فروشوں سے آسانی سے مہیا ہوتا ہے چیری کا چھوٹا سا پھل اپنے اندر بے پناہ فوائد رکھتا ہے چیری کے درخت کا تعلق گلاب کے خاندان روزائی سے ہے۔ چیری پاکستان میں زیادہ تر شمالی علاقوں میں کاشت کی جاتی ہے،مثلا ًگلگت، بلتستان اور بلوچستان وغیرہ۔دنیا بھر میں چیری کی تقریباً 50اقسام پائی جاتی ہیں جن کا ذائقہ اور خوشبو مختلف ہوتی ہے۔رومی ،یونانی اور چینی اسے قدیم زمانے سے کھارہے ہیں۔مشی گن امریکہ میں جولائی کے مہینے میں چیری کے حوالہ سے متعدد تقریبات کا انعقاد کیا جاتا ہے۔ چیری ایشیا، یورپ، آسٹریلیا اور شمالی امریکا سمیت دنیا کے بیش تر حصوں میں پائی جاتی ہے۔
ایک کپ چیری میں 100کیلوریز ہوتی ہیں جو وٹامن سی کی روزمرہ ضروریات کی 15فیصد مقدار پوری کرنے کے لیے کافی ہوتی ہے۔ اجزائے ترکیبی کے لحاظ سے چیری کا گودا زیادہ تر پانی پر مشتمل ہے۔ اس کے علاوہ اس میں ایک سرخ مواد اینتھوسیاننز، کاربوہائیڈریٹس، پروٹین، وٹامنز، نمکیات، نامیاتی تیزاب، فینولک مرکبات، بائیو فلیوونائیڈز، میلاٹونِن وغیرہ پائے جاتے ہیں۔چیری میں موجود شکریات میں گلوکوز اور فرکٹوز وافر مقدار میں پائے جاتے ہیں یہی وجہ ہے کہ چیری توانائی کے فوری حصول کا ذریعہ ہے۔ اگر کوئی شخص جسمانی یا ذہنی کام کی بدولت تھکاوٹ محسوس کررہا ہو تو چند عدد چیری اسے تازگی بخش سکتی ہیں۔

آلو بخارے کی طرح چیری خشک بھی دستیاب ہوتی ہے۔خشک کھٹی چیری کو طب یونانی اور فارسی میں آلو بالو کہا جاتا ہے۔
چونکہ چکنائی چیری میں کم مقدار میں شامل ہے اور یہ فیٹی ایسڈز پر مشتمل ہے لہذا دل کے مریض اسے بلا خوف و خطر اپنی خوراک میں شامل کرسکتے ہیں چیری کے مسلسل استعمال سے خون میں کولیسٹرول اور چکنائی کی مقدار میں کمی آسکتی ہے۔ چیری میں پائے جانے والے پروٹین جسم کی نشوونما اور شکست و ریخت کو ٹھیک کرنے کے لیے کام آتے ہیں۔ چیری میں کئی وٹامنز مثلا وٹامن سی، وٹامن اے اور فولک ایسڈ کافی مقدار میں ہیں۔ وٹامن اے اور وٹامن سی، اینتھو سیاننز کی طرح اینٹی ایکسڈنٹس کے طور پر عمل کرتے ہیں۔ اس کے علاوہ وٹامن جلد اور آنکھوں کی بینائی کے لیے ضروری ہے۔ وٹامن سی دانتوں، ہڈیوں اور جوڑوں کے لیے کارآمد ہے۔ چیری کا مناسب استعمال حاملہ خواتین کو دیگر ضروری اجزا کے علاوہ اس وٹامن کی کافی مقدار مہیا کرسکتا ہے اور انھیں حمل سے وابستہ کئی مسائل مثلا خون کی کمی، قبض اور متعدی امراض سے نجات دلانے کا موجب بن سکتا ہے۔
چیری میں قدرتی پین کلر کی صلاحیت ہے چنانچہ اسے کھانے سے جوڑوں کا درد ،سوجن، آرتھرائٹس، ورم،عضلاتی کھچاؤاور کھیل کود کے دوران لگنے والی چوٹوں میں آرام ملتا ہے۔
اعصابی دباؤ،بے خوابی یا سردرد میں روزانہ چیری کھائیں،اس لیے کہ چیری میں مانع تکسید جزو میلاٹونن MELATONINہوتا ہے،جو دماغ کے اعصاب کو سکون دیتا ہے۔اس کے علاوہ یہ دوسرے اعصاب کو بھی پرسکون کرتی ہے،جذباتی ہیجان کو روکتی اور گہری نیند لاتی ہے۔اسٹریس اور ڈیپریشن میں فائدہ مند ہے ۔دیگر پھلوں کے مقابلے میں چیری میں گلیسیمک انڈیکس کم ہوتاہے اسی لئے ذیابیطس کے مریضوں کیلئے چیری مفید ہے۔

چیری میں موجود معدنی عناصر میں آئرن کے علاوہ پوٹاشم اور میگنیشیم کافی مقدار میں پائے جاتے ہیں۔ آئرن ہموگلوبن کا لازمی جزو ہے۔ خون کی کمی کی بیماری Anaemiaلاحق ہونے کی صورت میں چیری کو آئرن کی گولیوں پر ترجیح دینی چاہیے۔ اسی طرح پوٹاشیم آنتوں کو درست رکھنے اور عصبی رو کی صورت میں جسم کے اندر پیغامات کی ترسیل کے لیے درکار ہوتی ہے۔ میگنیشیم توانائی فراہم کرنے والے کیمیائی معاملات کو مکمل کرنے کے کام آتی ہے۔
مشی گن یونیورسٹی کی حالیہ تحقیق سے یہ انکشاف ہوا ہے کہ چیری دل کی صحت برقرار رکھنے کے لیے بہت مفید ہے اور جسم کی فالتو چربی کی تحلیل میں موثر کردار ادا کرتی ہے۔ ہارٹ ایسوسی ایشن کے مطابق ایسا مٹاپا جس میں زائد چربی جسم کے درمیانی حصے میں جمع ہوتی ہے، دل کے عارضے کا اہم سبب ہے چیری جسم کے ان حصوں سے چربی کو ختم کر کے دل کے امراض سے بچنے میں مدد دیتی ہے۔
چیری ورزش کا درد گھٹائے:ورزش کے بعد بدن میں درد ہونے لگتا ہے اور اس صورتحال میں چیری بدن کے درد کو کم کرتی ہے۔ خلیات کی ٹوٹ پھوٹ اور فرسودگی کو دور کرنے کی بہترین صلاحیت رکھتی ہیں۔ اس کے علاوہ پٹھوں اور عضلات میں اینٹھن کا بھی علاج ہے۔ جسمانی مشقت کرنے والے اور کھلاڑی حضرات چیری کا بطورِ خاص استعمال کریں۔
چیری اینٹی آکسیڈنٹس سے بھرپو رہے :اینٹی آکسیڈنٹس ہمارے جسم کے باڈی گارڈز ہیں جو کئی امراض سے دور رکھتے ہیں۔ اینٹی آکسیڈنٹس جسم میں اس بگاڑ کو روکتے ہیں جو کینسر، الزائیمر اور دل کے امراض کی وجہ بنتے ہیں۔
چیری وزن گھٹانے میں مدد گار ثابت ہوتی ہے:سرخ چیری صرف دیکھنے میں ہی خوش نما اور دل کش نہیں ہوتی،بلکہ اس کے بہت سے فائدے بھی ہیں یہ چھوٹا سا پھل جو غذائیت سے بھرپورہے،گرمی کے موسم میں ہوتا ہے۔چیری میں ریشہ اور پانی ہوتا ہے۔ماہرینِ غذائیت کہتے ہیں کہ اگر آپ وزن گھٹانا چاہتے ہیں تو چیری کھائیے۔
چیری کے جوس کے فوائد:۔
دنیا کی مختلف یونیورسٹیوں میں کئے گئے کلینیکل ٹرائلز کے مطابق چیری کے جوس کے جدید فائدے قارئین کی نذر ہیں۔
برطانیہ کی نارتھ امبیریا یونیورسٹی نے ہائی بلڈ پریشر کے مریضوں پر تحقیق کی جس میں یہ بات سامنے آئی کہ بلند فشار خون میں ادویات لینے سے بہتر ہے کہ 60ملی لیٹر چیری کا جوس پی لیا جائے، محققین کا کہنا ہے کہ ہائی بلڈ پریشر کی صورت میں اگر 60ملی لیٹرتک چیری کا جوس پی لیا جائے تو 3گھنٹے میں بلڈ پریشر7فیصد تک کم ہوسکتا ہے اور یہ فالج کے حملے کے خدشے کو روکنے کے لئے 38فیصد اور دل کے امراض کو 23 فیصد تک کم کرنے میں معاون ثابت ہوسکتا ہے۔برطانوی یونیورسٹی کی یہ تحقیق امریکا کے کلینیکل نیوٹریشن جنرل میں شائع ہوئی ہے جس کے مطابق تحقیق کے دوران 15 ایسے افراد کا بلڈ پریشر جانچا گیا جنہیں ابتدائی طور پر ہائی بلڈ پریشر کا سامنا تھا تاہم ان میں سے بعض کو چیری کا 60ملی لیٹر جوس پلایا گیا جب کہ دیگر افراد کو پلاسیبو(ایک بے ضرر مادہ جو دوائی کے طور پر دیا جاتا ہے)دیا گیا۔ تحقیق کے دوران اخذ کیا گیا کہ ایسے افراد جنہیں چیری کا جوس پلایا گیا ان کے بلڈ پریشر میں 7فیصد تک کمی واقع ہوئی تاہم دیگر افراد میں بلڈ پریشر میں خاطرخواہ کمی نہ آسکی۔

دور جدید کی مسائل سے بھرپور زندگی نے ہم میں سے اکثر کی نیند اڑا رکھی ہے۔ دن بھر کے کام اور آرام سے محرومی نے لوگوں کو نیند کے مسائل سے دوچار کردیا ہے۔ بے خوابی کے مسائل کے شکارافراد خوش ہوجائیں کہ اب اس بیماری کا ایک میٹھا اور مزیدار حل دستیاب ہوگیا ہے۔ امریکی سائنسدانوں نے ایک تحقیق میں یہ معلوم کیا ہے کہ اگر صبح شام ایک گلاس چیری کا جوس پیا جائے تو پر سکون نیند سے لطف اندوز ہواجاسکتا ہے۔ ماہرین کے مطابق چیری کا جوس عمر رسیدہ لوگوں کیلئے خصوصی طور پر مفید ہے اور ان کے نیند کے مسائل کا بہترین علاج ہے۔ تحقیق کے دوران یہ دلچسپ بات سامنے آئی کہ محض دو ہفتے کیلئے چیری کے جوس کے استعمال سے انسو منیا کی بیماری کے شکار بزرگوں کی نیند میں ڈیڑھ گھنٹے کا اضافہ ہوگیا۔ انسومنیا کی بیماری کے شکار افراد ٹھیک طور پر سو نہیں سکتے اور یہ بیماری بزرگوں میں زیادہ پائی جاتی ہے جو افراد طویل عرصے کیلئے اس بیماری کا شکار رہیں تو یہ صحت کیلئے شدید ترین خطرات پیدا کرسکتی ہے۔

آخر میں چیری کے مشروب کی چند ریسیپیز درج ذیل ہیں۔
چیری کولاڈا
چیری کولاڈا بنانے کیلئے اجزا
چیری آدھاکپ
دہی آدھا کپ
کوکونٹ ملک پاڈر تین چمچ
آئس کیوب ایک کپ
چینی تین کھانے کے چمچ یاحسب ذائقہ
ترکیب :تمام اشیا ء بلینڈ کریں اور سرو کریں۔چیری کے فوائد کے حصول کیلئے یہ ایک خوش ذائقہ طریقہ ہے
چیری کا شربت
اجز ا :۔
ایک کلو چیری کا رس نکال لیں
پانی آدھا کلو
چینی ایک کلو
چیری ایسنس دو ملی گر ام
سرخ فو ڈ کلرتین گر ام
ترکیب:چیری کے رس میں چینی اور پانی ملا کر ہلکی آنچ پر پکنے کے لیے رکھ دیں۔جب شربت پک جائے تو اسے اتار کر ٹھنڈا کر لیں۔ اب فوڈ کلر کو تھوڑے سے شربت میں گھو ل کر اور چھان کر تمام شربت میںشامل کر لیں۔
آخر میں اس میں چیری ایسنس ملا دیں(خوشبو کے لئے کیوڑہ ایسنس بھی شامل کیا جا سکتا ہے۔)خشک بو تلوں میں محفو ظ کر لیں۔ گرمیوں میں ٹھنڈک کا بھرپور احساس اور چیری کے صحت مندانہ فوائد حاصل کرنے کیلئے یہ مشروب استعمال کر یں۔
٭…٭…٭
