جوڑوں کا دردعام طورپر عمر رسیدہ افراد میں ہوتا ہے لیکن آج کل کم عمر افراد بھی مبتلاہو رہے ہیں

یورک ایسڈ کو قدرتی غذاؤں کے مسلسل استعمال سے کنٹرول کیا جا سکتا ہے
تحریر:حکیم قاضی ایم اے خالد
Twitter:qazimakhalid
جوڑوں کا دردایک تکلیف دہ مرض ہے جو عموماً عمر رسیدہ افراد میں ہوتا ہے لیکن آج کل یہ کم عمر افراد میں بھی پایا جا رہا ہے۔طب جدید کے مطابق جوڑوں کے درد کی بڑی وجہ یورک ایسڈ ہے ۔یورک ایسڈ ایک تیزابی مادہ ہے جو ہر انسان کے اندر پایا جاتا ہے۔ اس کا اصل کام انسانی جسم میں حرارت پیدا کرنا ہے۔
جو غذائیں جسم میں پیورین purineپیدا کرتی ہیںوہ یورک ایسڈ بناتی ہیں۔ جیسے سرخ گوشت اورسبز پتوں والی ترکاریاں’ اس کے علاوہ بہت زیادہ گرم ادویات کا استعمال، گردوں میں سوزش اور پتھریاں بھی جسم میں یورک ایسڈ کی مقدار بڑھانے کا سبب بنتی ہیں۔
جب یورک ایسڈ پیشاب کے ذریعے معمول کے مطابق باہر نہ نکلے تو یہ جسم کے اندر چھوٹے چھوٹے کرسٹل کی شکل میں جوڑوں میں جمع ہونے لگتا ہے۔ اس کی وجہ سے جوڑ درد کرنے لگتے ہیں اور انسان کا چلنا پھرنا مشکل ہو جاتا ہے۔

یورک ایسڈ کو کیسے کم کریں
سب سے پہلے تو ایسی غذائیں چھوڑنی پڑیں گی جن میں پیورین کی مقدار زیادہ پائی جاتی ہے۔ کیونکہ یہ غذائیں ہضم ہونے کے بعد جسم میں یورک ایسڈ کی مقدار کو بڑھا دیتی ہیں۔ جیسے بیف ،مٹن، گوبھی، مٹر، ساگ ‘پالک ‘ پھلیاں’ کھمبیاں اور دالیں شامل ہیں۔
اس کے بعد ہمیں اپنی روز مرہ زندگی میں ایسی مفید غذائیں استعمال کرنی چاہیں جس سے یورک ایسڈ کنٹرول ہوجائے جو درج ذیل ہیں۔
سیب کا سرکہ
اس میں میلک ایسڈ ہوتا ہے جو جسم سے یورک ایسڈ کو توڑنے اور نکالنے میں مدد کرتا ہے۔ ایک چائے کا چمچ سیب کا سرکہ اور ایک چٹکی نمک ایک گلاس پانی میں ملا کر پینا مفید ہے۔ دن میں صرف ایک بار استعمال کیا جائے۔ہائی بلڈ پریشر والے افراد بغیر نمک کے استعمال کریں۔ایک ماہ کے استعمال کے بعد یورک ایسڈ کاٹیسٹ کروا لیں انشاء اللہ نارمل ہو جائے گا۔
لیموں
لیموں کے رس میں سٹرک ایسڈ پایا جاتا ہے۔ اس میں موجود وٹامن سی یورک ایسڈ کو فوری کنٹرول کرتا ہے۔آدھا لیموں ایک گلاس نیم گرم پانی میں ملا کر نہار منہ استعمال کریں ۔
اجوائن
اجوائن میں اومیگا 6 فیٹی ایسڈ پایا جاتا ہے جو ہمارے جسم کی صحت کے لیے انتہائی مفید ہیں یہ جہاں نظام انہضام کی صفائی کرتے ہیں وہاں یہ جسم کو یورک ایسڈ سے پاک کرنے میں اکسیر کا درجہ رکھتے ہیں۔آدھی چمچی اجوائن پاؤڈر صبح و شام استعمال کریں۔
ادرک
ادرک کے اندر ایسی خصوصیات موجود ہیں جو جوڑوں کے مسائل کے خاتمے کے لئے بہترین ہیں۔ ادرک کو پیس کے سفوف کی شکل میں آدھی چمچی صبح و شام استعمال کریں یا گرم پانی میں ابال کرچائے کی صورت میںدن میں دو سے تین بار پئیں ۔ اس سے جوڑوں کے در د میں خاطر خواہ کمی آئی گی ۔
ہلدی
ہلدی کسی بھی درد میں ایک دوا کے طور پرکام کرتی ہے۔ جوڑوں کے درد کے مریض اگر500ملی گرام یا چوتھائی چمچی ہلدی کا روزانہ صبح و شام استعمال کریں تو جوڑوں کے درد سے جان چھڑا سکتے ہیں ۔
سبز چائے
دن میں تین کپ سبز چائے آپکے بڑھے ہوے وزن کو بھی کم کر دے گی اور جوڑوں کے درد جیسے مسائل سے بھی چھٹکارا دلا دے گی ۔سبز چائے میں موجود پولی فینول نامی اینٹی آکسائیڈنٹس پٹھوں کی سوجن ختم کرنے کے لئے بھی نہایت موثر ہیں۔
کشمش
کشمش کے ذریعے جوڑوں کے درد کا علاج گزشتہ 20سال سے زور پکڑ رہا ہے کشمش میں شامل سلفائیڈز جوڑوں کے درد کا قدرتی اور آسان علاج ہے۔
دیگر مفیدغذائیں
تازہ پھلوں و سبزیوں، گندم ‘جو اور دیگر اجناس، زیتون کا تیل، خشک میوہ جات کو اپنی غذا کا حصہ بنائیں یہ غذائیں جوڑوں کے درد میں کمی لاتی ہیں۔
پرہیز
ہر قسم کا گوشت پالک، اچار۔ٹماٹر، انڈے،چنے کی دال،چاول۔ ان تمام چیزوں کا سختی سے پرہیز کریں، کیونکہ پرہیز علاج سے بہتر ہے۔
٭…٭…٭
