ایک سیب روزانہ‘ رکھے تندرست و توانا

دماغی کام کرنے والوں کیلئے سیب ایک موثر غذائی ٹانک ہے
حکیم قاضی ایم اے خالد
Gmail:qazimakhalid
Twitter:qazimakhalid
ایک مشہور انگریزی کہاوت ہے کہ An apple a day keeps the doctor away یعنی روزانہ کا ایک سیب آپ کو ڈاکٹر سے دور رکھتا ہے۔ اس کہاوت سے سیب کی اہمیت ظاہر ہوتی ہے۔ سیب کی تمام خصوصیات کے حصول کیلئے اسے آہستہ آہستہ چبانا چاہئے۔ایسا اس لئے ضروری ہے کیونکہ یہ پھل ہمارے گیسٹرک گلینڈز کو سرگرم کرتا ہے جس سے ہاضمے کا نظام آسان ہو جاتاہے۔ اس میں موجود سیلولوز کی وجہ سے یہ آنتوں کے عمل کو مضبوط بنانے میں معاون ہوتا ہے چونکہ اس میں ٹینن زیادہ مقدار میں ہوتا ہے۔ اس لئے یہ امراض امعاء میں فائدہ دیتا ہے۔ وافر فائبر کی بدولت چھاتی ‘قولون اور ہمہ اقسام کے کینسرسے تحفظ فراہم کرتا ہے۔
غذائی حقیقت(Nutrition Facts)
سیب میں پائے جانے والے اہم غذائی اجزامیں گھلنے والے فائبر(پیکٹن)کرومیم اور گلوسیٹول شامل ہیں۔ ان میں پولی فنولز (اینٹی بیکٹیریل)اور گلوٹاتھیون (اینٹی رسٹ اور اینٹی کرسنوجینک)موجود ہیں۔ علاوہ ازیں وٹا من اے ‘وٹامن سی ‘کیلشیم ‘آئرن ‘گلوکوز اور فروکٹور کی اعلیٰ مقدار کی وجہ سے سیب توانائی کا بہترین ذریعہ ہے۔
فوائد
٭دماغی طاقت کیلئے :دماغی کام کرنے والوں کیلئے سیب ایک موثر غذائی ٹانک ہے کیونکہ اس سے قوت حافظہ بڑہتی ہے۔یہ طلبہ اور دماغی کام کرنے والوں کیلئے ایک لا جواب تحفہ ہے۔سیب دماغی مرض الزائمر سے بھی تحفظ فراہم کرتا ہے۔
٭سرطان خصوصاً پھیپھڑوں کے سرطان سے تحفظ کیلئے :سیب کا استعمال پھیپھڑوں کے سرطان سے محفوظ رکھتا ہے۔ اسے زیادہ مقدار میں استعمال کرنے والے مرد اور خواتین سیب نہ کھانے والوں کے مقابلے میں پھیپھڑوں کے سرطان سے پچاس فیصد زیادہ محفوظ پائے گئے۔سیب میں موجود اس جز کی بھی حال ہی میں شناخت ہو گئی ہے جس نے پھیپھڑوں کے سرطان سے تحفظ فراہم کیا’یہ جزو ایک فلیوونائیڈہے جسے کوئریسی ٹین (Quercetin)کانام دیا گیا ہے۔اس میں مانع تکسیدصلاحیت خوب ترہوتی ہے۔سرطان سے دلچسپی رکھنے والے معالج اور افراد یہ بات تو جانتے ہی ہوں گے کہ مانع تکسید اجزا جسم کو امراض پیدا کرنے والے مضرفری ریڈیکلز سے محفوظ رکھتے ہیں۔
٭انسٹیٹوٹ آف فوڈ ریسرچ کی تحقیق کے مطابق سیب اور گرین ٹی میں ایسے قدرتی کیمیکلز موجود ہوتے ہیں جو جسم کو سنگین طبی مسائل جیسے امراض قلب اور کینسر وغیرہ سے تحفظ دیتے ہیں۔ جب ان دونوں کو اکھٹے استعمال کیا جاتا ہے تو ان میں موجود قدرتی اینٹی آکسائیڈنٹس وی ای جی ایف نامی مالیکیول کو بلاک کرتے ہیں جو خون کی شریانوں میں چربی کو جمع نہ ہونے دینے والے عمل کو بڑھاتا ہے ، خیال رہے کہ شریانوں میں چربی جمنے سے دل کے دورے یا فالج کا خطرہ بڑھ جاتا ہے۔ تحقیق میں یہ بھی معلوم ہوتا ہے کہ یہ دونوں غذائیں خون میں نائٹرک آکسائیڈ کی مقدار بھی بڑھا دیتی ہیں جس سے شریانوں کو پھیلنے میں مدد ملتی ہے اور اس کو ہونے والے نقصان کی روک تھام ہوجاتی ہے۔
٭دمہ اور امراض تنفس کیلئے :ہفتہ میں پانچ سیب کھانے والے سانس کی بیماریوں اور دمہ سے محفوظ رہتے ہیں۔
٭کھانسی کیلئے:ایک پکا ہوا سیب کوٹ لیں یا اسکا رس نکال لیں۔کوٹے ہوئے سیب کا رس نکال کر مصری ملائیں اور صبح ناشتے سے پہلے مریض کو پلائیں ان شاء اللہ کھانسی ختم ہو جائے گی۔
٭ صحت مند دل کیلئے :ایک وسیع تحقیق کے مطابق سیب اعلیٰ فائبرپر مشتمل ہے ۔ اعلیٰ فائبر کا زیادہ استعمال کولیسٹرول کو کم کرتا ہے دل کی شریانوں کی بیماری میں مبتلا ہونے سے روکتا ہے۔سیب میں فینولک کمپاؤنڈ پایا جاتا ہے ۔ جو برے کولیسٹرول کو بڑھنے سے روکتا ہے۔
٭گردے اور پتے کی پتھری کیلئے :سیب گردے اور پتے کی پتھری کے اخراج میں معاون ہے۔
٭وزن کم کرنے کیلئے :برازیل میں کئے گئے ایک مطالعہ کے مطابق کھانے سے قبل سیب کا استعمال خواتین میں وزن کم کرنے کا باعث بنتا ہے ایک سیب میں پچاس سے اسی کیلوریز پائی جاتی ہیں ۔
٭ورم قولون (کولائٹس) کے لئے : ایک گلاس سیب کے جو س کو آدھا گلاس گاجر کے جوس کے ساتھ مکس کر کے اس کا استعمال کریں۔
٭ قبض کے لئے : ایک سیب رات کو اور ایک صبح نہار کھایا جائے ۔

٭ ڈائیریا کے لئے : ایک پکے ہوئے سیب کو کدو کش کریں اور ماحولیاتی درجہ حرارت میں اس وقت تک چھوڑ دیں جب تک یہپوری طرح گہرے رنگ کا نہ ہو جائے اس کے بعد استعمال کریں۔سیب آکسیڈائزڈپیکٹن ڈائیریا سے نجات دلاتا ہے۔
٭ منہ کے چھالوں سے تحفظ کیلئے: کھانے کے بعد سبز سیب کے 2یا3ٹکڑے بچوں کو دیں جن سے منہ کے چھالوںکا امکان کم ہوتا ہے۔
٭ورم مثانہ کے لئے : ایک سیب چھیلیں اس میں سے بیج نکال دیں اور اسے گول سلائس میں کاٹیں ۔ انہیں آدھا لٹر پانی میں 20منٹ کے لئے پکائیں، پھر اس پانی کو فلٹر کریں، اس میں ایک چمچ شہد اور تھوڑا سا چھانا ہوا گودا ملائیں روزانہ 2کپ کا استعمال کریں۔
٭ گنٹھیا، ہاضمے کے نظام اور قبض کے لئے سیب کا پانی:ایک بڑے سیب کو چھیل کر پتلے سلائس میں کاٹیں ۔ 10گرا م پودینے کے پتے ، آدھا کپ لیموں کا رس اور چٹکی بھر دار چینی اس میں ملائیں۔ اس میں 2چمچ شہد اور آدھا لٹر ابلا ہوا پانی ڈالیں۔ فلٹر کر کے اس محلول کا روزانہ کھانے کے بعد استعمال کریں۔ اس میں پیکٹین کی بھر پور مقدار ہوتی ہے۔ اس لئے یہ کولیسٹرول کی سطح کم کرنے میں معاون ہوتا ہے۔
٭مسوڑھوں کی امراض کیلئے :صبح ناشتے سے پہلے ایک سیب کا استعمال کرنے سے آپ کے دانتوں اور مسوڑھوں کو طاقت ملتی ہے۔ اگر آپ کے مسوڑھوں سے خون بہہ رہا ہو تو 1.05اونس بار لے فلور میں چٹکی بھر نمک اور سیب کا جوس ملا ئیں۔ دن میں ایک بار اس مکسچر سے اپنے دانتوں پر برش ضرور رکریں۔
٭سیب ایک بہترین ڈی ٹاکسن (مضر اثرات دور کرنے والا):ہم مستقل طور پر زہر کھا رہے ہیں جنک فوڈ اور کولڈرنکس کی شکل میں، ہمارا جگر اس کا ذمہ دار ہے کہ جسم سے مضرات کا اخراج کرے ۔ سیب آپ کے جگر کیلئے تمام زہریلے مادوں سے پاک رکھنے میں ایک بہترین معاون کے طور پر کام کرتا ہے۔
٭دوپہر کی بے وقت بھوک کی روک تھام کے لیے کھانے کے بعد ایک سیب کھالیں، سیب میں فائبر موجود ہوتا ہے جو جسم میں پانی کو اپنی جانب کھینچ کر ایک جیل تشکیل دیتا ہے جو غذا کے ہضم ہونے کا عمل سست کردیتا ہے، اس سے آپ کو زیادہ دیر تک پیٹ بھرے رہنے کا احساس ہوتا ہے اور بلڈ شوگر لیول میں مستحکم جبکہ انسولین کی حساسیت بہتر ہوتی ہے جبکہ موٹاپے میں بھی فائدہ ہوتا ہے۔
٭بلڈ شوگر کنٹرول کرنے کیلئے:سیب کا سرکہ بلڈ شوگر لیول کو متوازن رکھنے میں مددگار ثابت ہوتا ہے۔ ذیابیطس ٹائپ ٹو کے مریضوں پر ہونے والی ایک تحقیق کے مطابق دو چائے کے چمچ سیب کا سرکہ سونے سے قبل ایک گلاس پانی میں ملا کر پینے سے صبح گلوکوز کی سطح میں کمی ریکارڈ کی گئی۔
٭سیب کا سرکہ کولیسٹرول متوازن رکھنے میں بہترین ہے۔اس کے استعمال کا طریق کار یہ ہے کہ ڈیڑھ چمچ سرکہ سیب ڈیڑھ لیٹر پانی میں ملا لیں اور تمام دن یہی پانی پئیں ایک ماہ بعد لیپڈ پروفائل کروا لیں ان شا ء اللہ خاطر خواہ فائدہ ہو گا۔

ترکیب مربہ سیب
پانچ کلو سیب لے کر پانی میں ہلکا سا جوش دیں۔نیم پختہ ہونے پرکانٹے سے چوک لیں پھر پانچ کلو چینی کی چاشنی ڈال کر تھوڑی دیر کے لیے آگ پر پکائیں۔قوام گاڑھا ہونے پر آگ سے اتار کرمیں محفوظ کر لیں۔بطور ناشتہ سنہری ورق میں لپیٹ کر استعمال کریں۔سیب کا مربہ دل و دماغ کی تقویت کیلئے انتہائی مفید ہے ۔گھبراہٹ میں فائدہ مند ہے۔مربہ جات بازار سے لینا ہوں توہمیشہ معیاری دواساز اداروں کے بنے ہوئے استعمال کریںغیر معیاری مربہ جات بجائے فائدہ کے نقصان پہنچا سکتے ہیں۔
دلچسپ حقائق
٭دنیا بھر میں سیب کی 7500مختلف اقسام پائی جاتی ہیں۔
٭چین دنیا میں سیب پیدا کرنے والا سب سے بڑا ملک ہے اس کی سالانہ پیداوار27507000ٹن ہے۔
٭سکندر اعظم کے قازقستان کے سفر میں 328 قبل مسیح میں سیب کا ذکر ملتا ہے-
مضرات
٭بعض لوگ سیب کھانے کے بعد ریاح اور تبخیر معدہ محسوس کرتے ہیں۔کالی مرچ یا نمک کے ہمراہ سیب استعمال کرنے سے یہ شکائت جاتی رہتی ہے۔ہائی بلڈ پریشر کے مریض اس مسئلہ کیلئے سفید زیرہ پاؤڈر کے ہمرا ہ سیب استعمال کریں۔
٭سیب کے بیج زیادہ مقدار میں عام افراد کیلئے بالعموم اورحاملہ خواتین کیلئے بالخصوص نقصان دہ ہیںیہ متلی ‘قے‘اینزائٹی‘سر درد اور سر چکرانے کا باعث بن سکتے ہیںزیادہ نقصان دہ تب ہو سکتے ہیں جب انہیں چبایا جائے کم مقدار میں نگلے جانے والے بیج نقصان دہ نہیں۔حاملہ خواتین کیلئے جوس بناتے وقت انہیں لازمی نکال دینا چاہئے۔
انتباہ
اچھی قسم کے بعض سیب کی اقسام پر چمکدار اورانہیں تروتازہ رکھنے کیلئے ’’ویکس پالش‘‘ کی جاتی ہے جو مضر صحت ہے اس کے لئے سیب چھلکہ اتار کر کھانا چاہئے۔
٭…٭…٭
